فرح شہزادی کی درخواست پر نیب کو 2 فروری کیلئے نوٹس جاری
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سابق خاتون اول بشری بی بی کی دوست فرح شہزادی کی نیب نوٹسوں کیخلاف درخواست پر نیب کو 2 فروری کیلئے نوٹس جاری کر دیئے، اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ نیب بد نیتی کی بنیاد پر حکومت وقت کے کہنے پر نوٹس جاری کر رہا ہے۔ توشہ خانہ کیس میں نواز شریف اور آصف زرداری کے خلاف نیب نے کیس ختم کر دئیے ہیں، نیب کو حراساں کرنے کے لیے ٹول کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، نیب نے 2019ء میں ہاوٗسنگ سوسائٹی کی انکوائری بند کر دی تھی ، دوبارہ انکوائری کو بد نیتی کی بنیاد پر کھول دیا گیا اور نوٹس جاری کیے گئے استدعا ہے کہ عدالت نیب کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کاروائی روکنے کرنے کا حکم دے۔