اختیارات کا استعمال نہ کرنا بھی جرم:سپریم کورٹ:سابق رجسٹرار امین فاروقی،جاوید بنگش کی سزائیں معطل
اسلام آباد (وقائع نگار) رجسٹرار سپریم کورٹ امین فاروقی اور جاوید اقبال بنگش کی نیب ریفرنسز میں سپریم کورٹ نے سزائیں معطل کر دیں۔ سابق رجسٹرار سپریم امین فاروقی نے 2005ء میں 59 کروڑ روپے کی رقم اسلامک انویسٹمنٹ بنک میں منافع پر رکھے تھے۔ بنک بند ہونے کے باعث رقم ڈوبنے پر چار ملزمان پر نیب ریفرنس بنایا گیا تھا۔ سپریم کورٹ میں سابق رجسٹرار سپریم کورٹ امین فاروقی اور جاوید اقبال بنگش کی نیب ریفرنسز سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ وکیل خواجہ حارث نے کہا امین فاروقی دس سال میں سے آٹھ سال سزا کاٹ چکے ہیں اور اصول کے مطابق آدھی سے زیادہ سزا کاٹ لی جائے تو سزا معطل کر دی جاتی ہے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے کہا عام طورپر رقم جمع کرواتے وقت مختلف بنکوں کا موازانہ کیا جاتا ہے۔ اس وقت نوٹ میں ایسا موازنہ نظر نہیں آ رہا ہے۔ کیا ایسے شواہد ہیں کہ اس وقت سب کو پتہ تھا بنک ڈوب رہا ہے۔ جسٹس منیب اختر نے کہا عدالت کا حکم رقم کو محفوظ کرنے کیلئے تھا۔ منافع کیلئے نہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دی۔