ایم ڈی بیت المال نے خواجہ سراؤں کیلئے پاکستان کے پہلے شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے خواجہ سراؤں کے لیے پاکستان کے پہلے شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا۔ وزارت انسانی حقوق کے تعاون سے شروع کیے جانے والے اس منصوبے کے تحت مجبور اور نادار خواجہ سراء افراد کو عارضی طور پر رات کے قیام، ناشتے اور رات کے کھانے جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ترلائی میں شیلٹر ہوم میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں ایم ڈی پاکستان بیت المال کے ہمراہ وزارت انسانی حقوق کے ڈائریکٹر جنرل محمد ارشد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔