امریکی سفارتخانے اور سیالکوٹ چیمبر میںشراکت داری مزید مضبوط ہوگی: ڈونلڈ بلوم
سیالکوٹ (نامہ نگار) پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے امریکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے، پائیدار توانائی کے فروغ، خواتین کی حوصلہ افزائی اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے میں پاکستان کی مدد کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں یہاں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں صنعتکاروں اور برآمد کنندگان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امریکی سفیر نے یقین کا اظہار کیا کہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور امریکی سفارت خانے کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہوگی اور دونوں ممالک تمام شعبوں میں تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے اہم نجی تعاون کی حمایت کریں گے۔ صدر سیالکوٹ چیمبر عبدالغفور ملک نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام و شراکت داری 75 سال کے ایک طویل عرصہ پر محیط ہے۔ انہوں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کے سلسلہ میں اہم شعبوںپر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پورے پاکستان میں سیالکوٹ ماڈل کو فروغ دینے کیلئے تکنیکی معاونت، مہارت اور نظریاتی لائحہ عمل کو ترقی دینے کیلئے اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔ بعد ازاںصدر چیمبر آف کامرس عبدالغفور ملک، ایس وی پی وہب جہانگیر، وی پی عامر مجید شیخ ، ڈاکٹر مریم نعمان بٹ نے امریکہ کے پاکستان میں تعینات سفیر مسٹر ڈونلڈ بلوم کو یاد گاری شیلڈ پیش کی۔