کیریبین ترقی پذیر ممالک کا ایک اہم حصہ ہیں، چینی صدر
بیجنگ (این این آئی ) لاطینی امریکی اور کیریبین ریاستوں کی کمیونٹی (سی ایل اے سی ایس) کا ساتواں سربراہی اجلاس ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں منعقد ہوا۔بدھ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق سی ایل اے سی ایس کے موجودہ چیرمین ملک ارجنٹائن کے صدر فرنینڈز کی دعوت پر ، چینی صدر شی جن پھنگ نے سربراہی اجلاس سے ویڈیو خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاطینی امریکہ اور کیریبین ممالک ترقی پذیر ممالک کا ایک اہم حصہ ہیں اور عالمی حکمرانی میں فعال شراکت دار ہیں۔ صدر شی نے کہا کہ سی ایل اے سی ایس نے عالمی جنوب-جنوب تعاون کے لئے ایک ناگزیر محرک قوت بن گیا ہے،جس نے علاقائی امن کو برقرار رکھنے، مشترکہ ترقی کو فروغ دینے اور علاقائی یکجہتی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین نے ہمیشہ لاطینی امریکہ اور کیریبین میں انضمام کے عمل کی حمایت کی ہے اور سی ایل اے سی ایس کے ساتھ تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دی ہے۔خطے کے زیادہ سے زیادہ ممالک بیلٹ اینڈ روڈ کی اعلیٰ معیار کی مشترکہ تعمیر کو فروغ دینے، عالمی ترقیاتی انیشیٹو اور عالمی سلامتی انیشیٹو میں حصہ لینے اور چین -لاطینی امریکہ ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔شی جن پھنگ نے کہا کہ چین لاطینی امریکی اور کیریبین ممالک کے ساتھ مل کر ایک دوسرے کی مدد کرنے، عالمی امن اور ترقی کو فروغ دینے، بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینے اور مشترکہ طور پر ایک بہتر مستقبل بنانے کے لئے کام جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔