• news

فیروز والہ :ٹریفک پولیس کے رات کے وقت ناکے ‘نذرانے وصول


فیروز والہ( نامہ نگار) کئی برس کے دوران ٹریفک پولیس کے بعض انسپکٹروں اور عملے نے رات کو دوبارہ ناکے لگانے شروع کر دیئے ہیں ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ کنفرم ہو جانے کے بعد کہ اعلیٰ افسران سو گئے ہیں اور گشت کیلئے نہ نکل رہے ہیں۔ ٹریفک پولیس کا عملہ بلا خوف و خطر ناکہ لگا کر گاڑیوں بالخصوص ٹرکوں‘ پرالی اوور لوڈ کرنے والی ٹرالیوں اور انٹر سٹی چلنے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے رقم بٹورتا ہے۔ گذشتہ رات شدید سردی کے دوران ٹریفک پولیس نے شیخوپورہ کے قریب بائی پاس روڈ پر ناکہ لگایا ہوا تھا جہاں پر ٹرکوں اور ٹرالیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیںاور اس روڈ پر واقع شادی ہالز میں آنے والی 2 باراتوں اور ولیمہ پارٹی کے مہمانوں کی گاڑیاں بھی وہاں پھنس گئیں۔ ٹریفک پولیس کا کانسٹیبل ٹرک کے اندر بیٹھ کر ہر ڈرائیور اور کلینر سے بھتہ لے کر نیچے اتر آتا تھا۔ ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ شیخوپورہ میں سرعام ایسے ناکے کئی برس کے بعد لگ رہے ہیں۔ یہ ناکے بائی پاس روڈ کے علاوہ جی ٹی روڈ امامیہ کالونی پھاٹک،دو ساکو چوک (کوٹ عبدالمالک) گوجرانوالا روڈ اورلاہور سرگودھا روڈ پر بھی قدرے کم گنجان علاقوں میں لگائے جاتے ہیں۔پولیس کے مطابق رقم بٹورنے وغیرہ کے الزامات درست نہ ہیں ناکوں پر اوور لوڈنگ کرنے والی ٹرالیوں اور ٹرکوں کے ڈرائیوروں کے علاوہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں کے چالان کیئے جاتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن