محسن نقوی زین بگٹی کی زیر صدارت اجلاس منشیات کی خریدو فروخت کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور وفاقی وزیر نارکوٹکس نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں منشیات کی خرید وفروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا اور منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے 2سنٹرز بنانے کا فیصلہ کیا گیا، ایک سنٹر جیل میں بھی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت موثر اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ پنجاب حکومت اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے درمیان مربوط حکمت عملی کے تحت مشترکہ اقدامات، اشتراک کار کو مزید بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے باہر اور آن لائن منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت اور اینٹی نارکوٹکس فورس مل کر منشیات کی روک تھام کے لئے بھرپور کریک ڈاؤن کریں گی۔ نئی نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے اور تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی پرزیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی۔ تعلیمی اداروں کے باہر منشیات کا کاروبار کرنے والے عناصر کی سختی سے سرکوبی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ منشیات کی سمگلنگ اور بین الصوبائی نقل و حمل روکنے کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ منشیات کا کالا دھندہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں۔ کسی کو قوم کا مستقبل تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ نئی نسل کو منشیات سے بچانا جہاد کے مترادف ہے۔ قبل ازیں محسن نقوی سے شاہ زین بگٹی نے ملاقات کی۔ نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے محسن نقوی کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
نگران وزیراعلیٰ