• news

اقتصادی تعلقات مضبوط بنائیں گے وزیر اعظم سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تعاون جاری رہے گا : امریکی سفیر


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے جمعرات کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے جنیوا میں حال ہی میں منعقدہ بین الاقوامی ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس اور سیلاب کے بعد پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی کی کوششوں کے لیے امریکہ کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے امریکہ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان منظم اور وسیع البنیاد رابطے دوطرفہ اور علاقائی شعبوں میں دونوں ممالک کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے عمل کے حوالے سے اہم ہیں۔ ڈونلڈ بلوم  نے کہا کہ امریکہ سیلاب سے بحالی کے علاوہ پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالے  سے پاکستان کی حکومت کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ملاقات کی۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان نیوی کے حوالے سے پیشہ ورانہ امور پر گفتگو کی گئی۔  دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب اور خیبر پی کے میں انتخابات سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان سے سکیورٹی خطرات سے متعلق ہمیں یقینی طورپر تشویش ہے۔ افغانستان میں سکیورٹی کا معاملہ ہم نے حالیہ وقتوں میں دیکھا ہے۔ افغانستان سے سکیورٹی کا معاملہ ایک بڑے ایشو کے طورپر برقرار ہے۔ پاکستان کی معاونت کی وجہ افغانستان سے سکیورٹی بھی ہے۔ چاہتے ہیں پاکستان مناسب بارڈر سکیورٹی کو یقینی بنا سکے۔ چاہتے ہیں پاکستان کو اس کی استعداد کار دستیاب ہوسکے۔ قانون کی بالادستی کیلئے پاکستان میں ایک لاکھ 20 ہزار افسران کو تربیت دی ہے۔ افغانستان پاکستان سرحد پر 230سرحدی پوسٹیں قائم کی ہیں۔ بلوچستان میں قانون کی بالادستی کیلئے 4.5 ملین ڈالر کا پروگرام پایہ تکمیل کو پہنچا۔ امید ہے اس کے بعد بلوچستان کیلئے 10 ملین ڈالر کے پروگرام کی کمٹمنٹ ہوگی۔
شہباز/ امریکی سفیر

ای پیپر-دی نیشن