• news

دھند: موٹروے  متعدد مقامات پر بند‘  فضائی آپریشن بھی متاثر


لاہور‘ اسلام آباد (این این آئی‘ اے پی پی) پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہونے سے متعدد مقامات پر موٹرویز کو بند کردیا گیا جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شدید دھند کے باعث لاہور، ملتان اور فیصل آباد کے ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا اور پروازیں گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔ لاہور اسلام آباد موٹروے ایم 2  ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک، پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹروے ایم 3  جڑانوالہ سے فیض پور تک، سیالکوٹ لاہور موٹروے ایم 11 کالا شاہ کاکو سے سمبڑیال تک ٹریفک کیلئے بند رکھی گئی۔ دھند چھٹنے کے بعد موٹر ویز کو مرحلہ وار کھول دیا گیا۔ شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہونے کی وجہ سے فضائی آپریشن بھی متاثر ہوا۔ جدہ، لاہور کے درمیان کی پرواز ایس وی 734  مقررہ وقت کی بجائے 3 گھنٹے 15 منٹ، کویت، لاہور کے درمیان پرواز پی کے 206  مقررہ وقت کی بجائے2 گھنٹے 35 منٹ، لاہور سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 474  مقررہ وقت سے7 گھنٹے 45 منٹ، لاہور سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 725  بھی شدید دھند کے باعث4  گھنٹے 30 منٹ، لاہور سے ٹورنٹو جانے والی پرواز4 گھنٹے 50 منٹ، لاہور اور جدہ کے درمیان کی پروازپی کے 759 مقررہ وقت سے1 گھنٹہ 25 منٹ، لاہور سے جدہ جانے والی نجی ائیر لائن کی پرواز ایس وی 735 بھی 2 گھنٹے 35 منٹ، پی آئی اے کی کراچی اور لاہور کی پرواز402  مقررہ وقت سے1 گھنٹہ50 تاخیر کا شکار رہی۔ نجی ائیر لائن کی بغداد سے آنے اور جانے والی جبکہ پی آئی اے کی پرواز 405 اور 406 بھی منسوخ کر دی گئی۔ ملتان ایئرپورٹ پر حد نگاہ مستحکم‘ 4 ہزار میٹرکے ساتھ ہلکی دھند رہی۔ فیصل آباد ایئرپورٹ پر حد نگاہ مستحکم‘ 4 ہزار میٹر اور ہلکی دھند ہے۔ کہا گیا ہے کہ مسافر ہوائی اڈے روانگی سے قبل اپنی ایئرلائن سے رابطے میں رہیں اور اس سلسلے میں فلائٹ انکوائری نمبرز 114 یا 0800 00114  یا 111 222 114 یا ویب سائٹ http://caapakistan.com پر رابطہ کریں۔

ای پیپر-دی نیشن