• news

سویڈن‘ ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف دینی جماعتیںآج ریلیاں نکالیں گی


لاہور (خصوصی نامہ نگار) سویڈن‘ ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف آج جمعۃ المبارک کے اجتماعات کے بعد ملک بھر میں مظاہرے ہوں گے۔ جماعت اسلامی، پاکستان سنی تحریک، تحریک لبیک پاکستان، تحریک لبیک یا رسول اللہ، جے یو پی نورانی سمیت مختلف دینی جماعتوں نے آج نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہروں کی کال دی ہے۔ سویڈن ہالینڈ میں قرآن کریم کی بے حرمتی اسلام دشمنی ہے سنی علماء کونسل جمعہ کو ملک بھر میں یوم مذمت منائے گی۔ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی نے امت مسلمہ کے جذبات شدید ترین مجروح کئے ہیں۔ اسلامی ممالک سویڈن سے سفارتی تعلقات منقطع کریں۔ مسلم امہ کی سخت دل آزاری ہوئی۔ او آئی سی اور اقوام متحدہ و عالمی برادری توہین شعائر اسلام کو دہشت گردی قرار دیں۔ پاکستان سنی تحریک وسطی پنجاب کے زیراہتمام آج جمعۃالمبارک کے اجتماعات کے بعد سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف پنجاب بھرکی مساجد، مدارس اور درگاہوں کے باہر علامتی احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ قبل ازیں نماز جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ سردار محمد طاہر ڈوگر نے کہاکہ ہمارے احتجاج کا مقصدعالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور او آئی سی ودیگر عالمی تنظیموں کو اس افسوسناک واقعہ کی طرف متوجہ کرانا ہے۔ ترجمان تحریک لبیک پاکستان کے مطابق ملک بھر کے چھوٹے بڑے تمام شہروں میں لبیک تحفظ قرآن مارچ، ریلیاں، جلسے جلوس اور احتجاجی کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ لاہور میں بعداز نمازِ جمعہ لبیک تحفظِ قرآن مارچ داتا دربار سے شروع ہو کر پنجاب اسمبلی ہال چوک پر اہتمام پذیر ہو گا۔ مارچ کی قیادت امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی، مرکزی مجلس شوریٰ کے ارکان و دیگر قائدین کریں گے۔ مجلس تحفظ ختم نبوت سویڈن، ہالینڈ میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف آج ملک گیر احتجاج کرے گی۔ مولانا عزیز الرحمن ثانی اور مولانا عبدالنعیم نے کہا ہے کہ ہالینڈ اور سویڈن نے مسلمانوں کی غیرت ایمانی کو جھنجھوڑا گیا ہے۔ اوآئی سی، اقوام متحدہ اور مسلم دنیا کے حکمران ان توہین آمیز واقعات کی روک تھام کے لئے فوری طور پر ایکشن لیں اور عالمی سطح پر قانون بنایا جائے تاکہ ایسا کرنے کی کسی کو جرأت نہ ہو۔ علماء نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں توہین رسالت اور توہین قرآن ہرگز برداشت نہیں۔ اسلامی فوبیا کے بڑھتے واقعات کے خلاف مسلمانوں کا احتجاج یہ ایک فطری عمل ہے۔ مسلمانوں کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ ساجد علی نقوی نے قرآن پاک کی پے در پے ہونے والی گستاخیوں اور توہین آمیز اقدامات پر شدید غم و غصّے کا اظہا ر کرتے ہوئے سویڈن کے بعد ہالینڈ میں بھی ہونے والے توہین قرآن پاک کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا ہے کہ اس سے بڑھ کر کیا انتہاء پسندی ہوگی کہ انسانیت کیلئے رہنمائی کرنے والی سب سے عظیم الہٰی آفاقی پیغام کی اس طرح توہین کی جائے اور عالمی ادارے صرف تکتے رہ جائیں۔ جمعیت علماء پاکستان آج جمعتہ المبارک ملک بھر میں ’’یوم حرمت قرآن‘‘ منائے گی۔ جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر، علامہ قاری محمد زوار بہادر، سید محمد صفدر شاہ گیلانی، پروفیسر ڈاکٹر جاوید اعوان، حافظ نصیر احمد نورانی، علامہ ابو یاسر اظہر حسین فاروقی، مفتی تصدق حسین ، حافظ محمد سلیم اعوان، رشید احمد رضوی، مفتی جمیل رضوی سمیت جے یو پی کے مرکزی ، صوبائی اور ضلعی رہنما مختلف مظاہروں سے خطاب کریں گے۔ بڑا مظاہرہ جمعیت علماء پاکستان لاہور کینٹ کے زیر اہتمام والٹن روڈ پر ہو گا۔جے یو پی کے مرکزی ،صوبائی اور ضلعی رہنما اس مظاہرے سے خطاب کریں گے۔ صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ علی کبر کاظمی نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری انتہاپسندی کی جانب بڑھتے ہوئے قدم روکے۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا جمعتہ المبارک میں عظمت قرآن مجید کے موضوع پر خطبات ہونگے۔ سویڈن سے اقتصادی بائیکاٹ پر قراردادیں منظور کی جائیں گی اور اسلامو فوبیا کی مذمت کی جائے گی۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا سراج الحق کی اپیل پر لاہور سمیت پورے صوبے میں سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے خلاف آج جمعتہ المبارک کو احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن