پنجاب پولیس عراقی پولیس کو ٹریننگ کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی:آئی جی پنجاب
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس عراقی پولیس فورس کو ٹریننگ دینے کے حوالے سے نہ صرف ہر ممکن تعاون کرے گی بلکہ ان کی استعداد کار میں اضافے کیلئے بھی ہر ممکن معاونت کرے گی۔ آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ کوہدایت کی کہ وہ عراقی وفد کے ساتھ پولیس فورس کے ریکروٹمنٹ کورس، کپیسٹی بلڈنگ پروگرامز سمیت دیگر تربیتی نصاب شیئر کریں اور اس حوالے سے کلوز کوارڈی نیشن اور انفارمیشن شیئرنگ کو یقینی بنایا جائے۔ پنجاب پولیس کے وسیع تجربے کو عراقی پولیس کے ساتھ نہ صرف شیئر کیا جائے گابلکہ ٹریننگ کے شعبے میں جدید مہارتوں سے بھی آگاہی دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں عراقی پولیس کے 3 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔دریں اثناء انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب نے مستعد ہو کر فرائض سر انجام دینے پر اینٹی رائٹ فورس کے افسران و جوانوں کو شاباش دی ہے۔آئی جی نے لاہور ہائیکورٹ میں تعینات اینٹی رائٹ فورس کے ریزور انسپکٹر رضا ذاکر اور سب انسپکٹر احسان الحق کو دفتر مدعو کیا اور شاباش کے ساتھ ساتھ تعریفی اسناد دیں۔