آج واپسی‘ آنے والا وقت (ن) لیگ کا ہے: مریم نواز
اسلام آباد‘ لاہور (خبر نگار خصوصی+ نیوز رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ٹویٹ کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز آج سہ پہر 3بجکر 5 منٹ پر لاہور ائیر پورٹ پر پہنچیں گی۔ ایک روز قیام کے بعد آج ہفتے کو دبئی سے پاکستان پہنچیں گی۔ یہاں انہیں ریلی کی صورت میں ائیر پورٹ سے جاتی امرا رائیونڈ لے جایا جائے گا۔ مریم نواز گزشتہ سال اکتوبر میں لندن پہنچیں تھیں، لندن میں قیام کے دوران فیملی کے ساتھ یورپ میں تعطیلات بھی گزاریں۔ مریم نواز نے جینوا جا کر اپنے گلے کی سرجری بھی کرائی۔ اسی دوران نواز شریف نے مریم نواز کو پارٹی کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مقرر کیا۔ مریم نواز سے مسلم لیگ ن امارات کے وفد نے ملاقات کی۔ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آنے والا وقت مسلم لیگ ن کا ہے۔ نواز شریف کی لیڈرشپ میں پاکستان کو بھنور سے نکالیں گے۔ پاکستان کو 2013ء میں بھی مشکلات سے نکالا تھا۔ نوجوانوں کو آگے آ کر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔