• news

عوام کو ہر محکمے سے ریلیف ملتا نظر آنا چاہیے ، محسن نقوی : وزرا کی ملاقات 

لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے نگران صوبائی وزراء نے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے صوبائی وزراء کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ اللہ تعالی کی عطا کردہ ذمہ داری کو عوام کی خدمت کیلئے وقف کر دیا ہے۔ عوام کو ہر محکمے کی طرف سے ریلیف ملتا نظر آنا چاہیے اور مختصر مدت میں وہ کام کر کے جائیں کہ لوگ آپ کو یاد رکھیں۔ علاوہ ازیں محسن نقوی چانک میو ہسپتال پہنچے اور سرجیکل ٹاور میں زیر علاج تشدد کا نشانہ بننے والی گھریلو ملازمہ مریم کی عیادت کی اور اس کی خیریت دریافت کی۔ محسن نقوی نے بچی کو دلاسہ دیا اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ بچی مریم نگران وزیر اعلی محسن نقوی کو تشدد اور آگ لگانے کا واقعہ سناتے رو پڑی۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے بچی مریم کو حوصلہ دیا اور جلد صحت یابی کی دعا کی۔ محسن نقوی نے مریم کی والدہ سکینہ بی بی سے بھی ملاقات کی اور انہیں تسلی دی اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ محسن نقوی نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور عمومی صورتحال پر گفتگو کی گئی اور عام انتخابات کے شفاف اور آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ امن و امان پہلی ترجیح ہے۔ پولیس کو فری ہینڈ دیدیا۔ پرامن ماحول ہر شہری کا حق ہے۔

ای پیپر-دی نیشن