توقع ہے آئی ایم ایف سے اس ماہ معاہدہ ہوجائے گا ، ملک کو گرداب سے نکالیں گے : شہباز شریف
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں، ملک کو موجودہ گرداب سے نکالیں گے، توقع ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ رواں ماہ ہوجائے گا، گزشتہ حکومت کی جانب سے اداروں پر بے بنیاد الزام تراشی اور چینی کمپنیوں پر کرپشن کے الزامات سے چینی حکام کو تکلیف پہنچی، ان تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے برف پگھل رہی ہے، ایم ایل۔ ون منصوبہ کی تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے، دن رات محنت کرکے دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کریں گے، دنیا میں حکومتیں گورننس کی ذمہ دار ہیں وہ ادارے نہیں چلاتیں، ہم نے زرمبادلہ کے ذخائر کو مد نظر رکھ کر اپنی ترجیحات کا تعین کیا ہے۔ جمعہ کو گرین لائن ٹرین سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ گرین لائن جس کی بنیاد نواز شریف کے گزشتہ دور میں رکھی گئی تھی اور بدقسمتی سے بے شمار دیگر منصوبوں کی طرح یہ منصوبہ بھی سابق حکومت میں دم توڑ گیا، ہم اس سروس کا از سرنو اجرا کرنے پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں اور وزیر ریلوے اور چینی کمپنیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ابھی ویگنز کا معائنہ کیا یہ جدید سہولیات سے آراستہ ہیں ، وزیر ریلوے آئوٹ سورسنگ پر یقین رکھتے ہیں اور دور حاضر میں ترقی کا زینہ یہی ہے۔ اس سے ریلوے میں بہتری آئے گی اور پاکستان ریلوے کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کا کام ادارے چلانا نہیں بلکہ گورننس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں۔ پاکستان آج مشکل میں اور اس دوراہے پر کھڑا ہے جہاں ایک ایک پائی بچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال دیکھ کر ہم نے ترجیحات مقرر کی ہیں جس میں خوراک اور ادویات کی درآمد کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔ پوری امید ہے کہ آئی ایم ایف سے اسی ماہ معاہدہ ہوجائے گا اور ان مشکلات سے نکل آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشکل وقت ہے ، پاکستان دنیا میں ماحولیاتی آلودگی میں محض ایک فیصد حصہ کا رکھنے کے باوجود اس کا شکار ہوا اور بدترین سیلاب آیا، اتحادی حکومت دن رات ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے۔ خواجہ سعد رفیق میرٹ کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، ریلوے کو دیگراداروں کی طرح مشکلات کا سامنا ہے، قوموں کی زندگی میں مشکلات آتی رہتی ہیں اس کا سامنا کرکے آگے بڑھنے والی قومیں ہی ترقی کرتی ہیں۔ یہی اس مخلوط حکومت کا وژن ہے اور اس پر پوری طرح عمل پیرا ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ۔ون ہمارے ترجیحی ایجنڈے میں شامل ہے۔ چین کی حکومت اس منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے، گزشتہ حکومت میں اداروں پر بے بنیاد الزام تراشی اور چینی کمپنیوں پر کرپشن کے الزامات لگانے سے چینی حکام کو تکلیف اور اذیت پہنچی، حالیہ چین کے دورے پر چین نے ہمارا بھرپور اور گرمجوشی سے استقبال کیا، چینی زعما اور عوام پاکستان سے والہانہ محبت کرتے ہیں، گزشتہ چار سال میں تعلقات کو جو ٹھیس پہنچی ان کو واپس لانا آسان کام نہیں تاہم برف پگھل رہی ہے، چینی حکومت اور عوام کے شکرگزار ہیں کہ وہ پاکستانی عوام کے لئے بے پناہ محبت کے جذبات رکھتے ہیں، ہمیں اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کیلئے اس روش کو بدلنا ہوگا، محنت کو اپنا شعار بنانا ہوگا، ہم کب تک دوسروں کے سہارے پر رہیں گے۔ یہ سفر مشکل ضرور ہے لیکن ہم دن رات محنت کرکے ملک کو آگے بڑھائیں گے اور ملک اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں مشکل حالات میں حکومت ملی ہے۔ مزید براں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کو مارگلہ ریلوے سٹیشن اسلام آباد پر گرین لائن ایکسپریس ٹرین سروس کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اس موقع پر ٹرین میں سفری سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزیر اعظم کو ٹرین کے بارے میں بریفنگ دی۔ جدید سہولیات سے آراستہ گرین لائن ایکسپریس ٹرین اسلام آباد سے کراچی براستہ پاکستان ریلویز مین لائن۔ ون پیسنجر سروس مہیا کرے گی۔ یہ ٹرین راولپنڈی، چکلالہ، لاہور، خانیوال، بہاولپور، روہڑی، حیدرآباد اور ڈرگ روڈ ریلوے سٹیشنز پر رکے گی۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چترال میں لوڈ شیڈنگ کو کم کرنے کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں، چترال کے عوام کو مزید اندھیروں میں نہیں رکھ سکتے۔ وزیرِ اعظم آفس کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق جمعہ کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت چترال میں بجلی اور انفراسٹرکچر کے مسائل کے حل کیلیے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے، مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک معمرخاتون سمیت 10 فلسطینیوں کا قتل قابل مذمت ہے۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی میں پائیدار امن دو ریاستی حل سے منسلک ہے، پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں ریاست قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے جمعہ کو ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق قطر کے سفیر نے وزیراعظم کو امیر قطر کا نیک خواہشات کا خصوصی پیغام دیا۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے تاریخ کے کامیاب ترین فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی پر قطر کو مبارکباد دی اور ورلڈ کپ کے دوران فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے پر پاکستانی سکیورٹی فورسز کے اہم کردار کو سراہا۔ مزید براں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی ہے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار، مشیر وزیراعظم احد چیمہ اور مشیر وزیراعظم انجنیئر امیر مقام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔این این آئی کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے ۔ وزیراعظم شہباز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور کے اولڈ ایئرپورٹ پہنچے جہاں سے انہیں سخت سکیورٹی میں ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹائون پہنچایا گیا۔