حافظ آباد: بھٹہ مزدور کو نوکری کا جھانسہ دیکر گردہ نکال لیا
حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد کے نواحی قصبہ کولو تارڑ میں غریب بھٹہ مزدور کو نوکری دلانے کا جھانسہ دیکر اس کا گردہ نکال لیا گیا۔ پولیس تھانہ ونیکے تارڑ نے گردہ مافیا کے 4ملزم محمد حنیف، زاہد، ہیرا وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ایف آئی آر کے مطابق گردہ مافیا کا گروہ قربان علی ولد شوکت حیات سکنہ محلہ حکیم پورہ کولو تارڑ کو نوکری کا جھانسہ دیکر مری لے گیا۔ جہاں سے ملزموں نے قربان علی کو پشاور جانے کو کہا تو اس نے انکار کردیا۔ جس پر ملزم قربان کو بے ہوشی کی چیز کھلا کر پشاور لے گیا اور جب قربان کو ہوش آیا تو اس کے پیٹ کے دائیں جانب پٹی لگی ہوئی تھی۔ پوچھنے پر ملزموں نے بتایا گاڑی کے ٹکرانے سے اس کے پیٹ پر چوٹ آئی ہے۔ لیکن وہاں پر تین چار اور لوگوں کے پیٹ پر پٹیاں لگی تھیں جنہوں نے قربان کو بتایا کہ اس کا گردہ نکال لیا گیا ہے۔ ملزم قربان کا دوسرا گردہ بھی نکالنے کی تیاری میں تھے کہ وہ ملزموں کی قید میں رہنے کے بعد ان کے چنگل سے نکل کر حافظ آباد آگیا۔