عمران کی سکیورٹی پر مامور 50 پولیس اہلکار خیبر پی کے حکومت نے واپس بلا لئے
اسلام آباد/ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے‘ نمائندہ خصوصی) خیبر پی کے کی نگران حکومت کی جانب سے عمران خان کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار واپس بلا لیے گئے۔ عمران خان پر حملے کے بعد کے پی کے سے پچاس پولیس اہلکار عمران خان کی سکیورٹی پر تعینات کیے گئے تھے۔
پنجاب حکومت نے کے پی کے حکومت کو چوبیس جنوری کو مراسلہ بھیجا۔ نگران حکومت نے اہلکاروں کو واپس بلا لیا۔ سکیورٹی اہلکاروں کو واپس بلانے پر تحریک انصاف نے احتجاج کیا ہے۔ ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد میں نجی رہائشگاہ کی سکیورٹی کے حوالے سے کہا ہے بنی گالہ میں سابق وزیراعظم کی نجی رہائشگاہ ہے، سابق وزیراعظم پچھلے کئی ماہ سے اسلام آباد میں مقیم نہیں، ان کی غیر موجودگی میں بنی گالہ میں ان کی نجی رہائشگاہ پر اسلام آباد پولیس یا دیگر صوبوں کی پولیس نہیں لگائی جا سکتی۔