فرخ حبیب کیخلاف مقدمے میںڈکیتی کی کوشش کا متن مضحکہ خیز: مسرت جمشید
لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے فرخ حبیب کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمے میںبندوق بردار اہلکاروں سے ڈکیتی کی کوشش کا متن انتہائی مضحکہ خیز اور بھونڈا ہے ،اوچھے ہتھکنڈوں اوربوکھلاہٹ سے واضح ہے ان کی سیاست کا چراغ بجھنے کے قریب ہے ،اس وقت عمران خان وفاق کی علامت ملک کے واحد قومی لیڈر ہیں ۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان کے خلاف سازش در حقیقت ملک کے خلاف گھنائونی سازش کے مترادف ہے اور اس سے ملک کمزور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں کوئی قومی لیڈر ہونے کا دعویدار ہے تو چاروں صوبوں سے بیک وقت انتخاب لڑکے دیکھ لے ،13جماعتیں ملک نہیں چلا رہیںایک دوسرے کے سیاسی لاشے کو کندھا دے رہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بغیر کال کے عوام اپنے لیڈر کی حفاظت کیلئے رہائشگاہ کے باہر موجود ہیں، ان شااللہ عمران خان مکمل روبصحت ہوتے ہی بھرپور سیاسی سر گرمیاں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کے استقبال کیلئے لیگی رہنمائوں کو زبردستی ذمہ داریاں تفویض کی جارہی ہیں ،قوم یہ سوال کر رہی ہے ،پانامہ رانی لندن سے کیا فتح کر کے آرہی ہیں جو استقبال ناگزیر ہو گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر اسحاق ڈار کو ہی نہیں سارے امپورٹڈ ٹولے کو منہ چڑھا رہا ہے ۔