• news

 سیاستدان مشکلات سے نجات کیلئے سر جوڑ کر کام کریں، خورشید شاہ 


اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیرآبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ سیاست ریاست کیلئے کی جاتی ہے اور وقت کا تقاضا یہ ہے کہ سیاستدان مشکلات سے نجات کیلئے سر جوڑ کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکل وقت سیاستدانوں کا امتحان ہے اور وہ اپنے مثبت رویے اور اقدامات سے اس امتحان میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اَئین کی پاسداری کا راستہ ہی ہماری سالمیت اور بقا کا راستہ ہے اس لئے موجودہ حالات میں تمام سیاستدانوں کو معیشت کی بہتری اور اَئین کی پاسداری کیلئے کام کرنا ہوگا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم عالمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے متفقہ لائحہ عمل اپنائیں اور اتفاق کی قوت سے اندرونی اور بیرونی دباو کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے  معاشی مشکلات کا بر وقت ادراک کر لیا تھا اور معاشی حالات کی بہتری کیلئے عمران خان کی حکومت کو میثاق معیشت کی دعوت دی تھی مگر عمران خان نے سیاست کو ریاست پر ترجیح دی اور معیشت کی بہتری کیلئے نہ صرف ہماری پیشکش کو ٹھکرایا بلکہ معاشی ترقی کیلئے خود بھی کوئی اقدامات نہیں کئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت سے پہلے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز نے دس سال شاندار جمہوری اور آئینی روایات قائم کیں اور اپنے وزرائے اعظم کو اقتدار سے ہٹائے جانے کے باوجود نہ تو غیر قانونی اور غیر آئینی راستہ اختیار کیا اور نہ ملک میں افراتفری پیدا کی۔ مگر اب موجودہ اپوزیشن نے نہ صرف افراتفری اور توڑ پھوڑ کا راستہ اپنایا بلکہ دو صوبائی اسمبلیاں بھی اپنی منفی سیاست کی نظر کر دیں۔

ای پیپر-دی نیشن