بدترین مہنگائی‘ لاکھوں بیروزگار‘ 1977ءکے بعد ایسی صورتحال نہیں دیکھی: اسد عمر
لاہور (نیوز رپورٹر) تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کا کہنا ہے کہ 156 نشستوں والے کو گھر بھیج کر 84 سیٹوں والے کو وزیراعظم بنا دیا گیا۔ کہا جا رہا ہے کہ نگران سیٹ اپ کو لمبا کھینچیں گے اور 90 روز میں انتخابات نہیں ہو سکتے، اگر 90 روز میں دو صوبوں میں الیکشن نہیں کراتے تو آرٹیکل 6 لگتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسد عمر نے سینیٹر شوکت ترین، مزمل اسلم اور شیخ امتیاز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 1971 کے بعد کبھی ایسی صورتحال نہیں دیکھی جیسی آج ہے، اس وقت بھی عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا گیا تھا اور ملک دولخت ہو گیا، ملک کے لیڈرز کو زور، جبر اور دھمکی سے دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ان کو الیکشن میں جانا پڑے گا اور نئے مینڈیٹ کے ساتھ حکومت بنے گی جو قابل قبول ہو گی۔ حکومت کا آئی ایم ایف کا کوئی مطالبہ رد کیے جانے کا امکان نہیں ہے، یہ پاکستان کی اکانومی کا مسئلہ نہیں، اب یہ قومی سلامتی کا مسئلہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام پر دو دن میں 45 ہزار کروڑ روپے قرضے کا بوجھ بڑھ گیا ہے، پچھلے 9 مہینوں میں قوم نے بدترین مہنگائی دیکھی ہے، ملک میں ہزاروں کاروبار بند اور لاکھوں کی تعداد میں لوگ بے روزگار ہو گئے ہیں۔ پرویزالہٰی نے فواد چودھری کے حوالے سے نامناسب بیان دیا جبکہ فواد چودھری کو سچ بولنے پر اٹھایا گیا۔ پنجاب پولیس نے جو فرخ حبیب پر جھوٹا اور بے بنیاد الزام لگایا، یہ پولیس کی نااہلیت ثابت کر رہا ہے۔ ملکی ذخائر اس وقت چار ارب ڈالر سے کم ہو گئے ہیں۔ آئی ایم ایف اس لئے ان کے پاس نہیں آ رہا کہ ان کا بجٹ خسارہ تین کھرب سے زائد کا ہے۔ یہ اب نئے ٹیکس لگائیں گے، پٹرول کی قیمت بڑھائیں گے۔اس وقت ایف بی ار کا ریونیوز اپنے ٹارگیٹ سے چار سو ارب روپے کم ہے۔ اب یہ پچاس روپے تک لے کر جائیں گے۔ سی پی آئی تیس سے پنتیس فیصد پر جاتا دیکھیں گے۔ مہنگائی کا طوفان بدتمیزی آنے والا ہے ۔
اسد عمر