سوئیڈن واقعہ مغرب کے چہرے پر بد نما داغ ہے:مولانا محمد امجد خان
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کہا ہے کہ سوئیڈن واقعہ مغرب کے چہرے پر بد نما داغ ہے۔ مقدس کتاب کی بے حرمتی کے واقعہ پر عالمی برادری کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ مسلم ممالک سوئیڈن کا سفارتی وتجارتی مکمل طور پر بائیکاٹ کریں۔ یورپ کا اسلام دشمنی کا کردار دنیا کو نظر کیوں نہیں آتا ؟۔ سویڈن میں قرآن مجیدکو جلانے کے واقعہ اس سال کا اسلام دشمنی کا سب سے بڑا واقعہ ہے جس سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور ان کے ایمانی ، دینی اورروحانی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔یورپی دنیا نے مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنا اپنا وطیرہ بنالیا ہے۔ عالم اسلام کو ایک پلیٹ فارم سے دوٹوک جواب دینا ہوگا۔ جامعہ رحمانیہ میں احتجاجی اجتماع اور مختلف تقریبات میں کہاکہ سویڈن میں مسلسل مسلمانوں کے حساس جذبات سے کھیلنے کوشش کر کے امت مسلمہ غیرت کو چیلنج کر رہا ہے۔ حکومت اسلامی ممالک خصوصاً سعودی عرب، ترکی اور دیگر ممالک کے ساتھ مل کوموثر احتجاج کرے اور او آئی سی کے پلیٹ فارم سے مستقل حل دنیا کے سامنے لائے۔دریں اثناء مختلف مقامات پر مولانا نعیم الدین،مولانا محب النبی،مفتی عبد الحفیظ،مفتی عقیل،مفتی سیف اللہ ،مفتی بشیر ،حافظ نصیر احرار،قاری شبیر عثمانی،مولانا عبد الودود ،حافظ غضنفر عزیز،مولانا امجد سعید،صاحبزادہ فصیح الدین اوردیگرنے کہا کہ سوئیڈن میں توہین قرآن کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔