• news

بیرون ملک پاکستانی قابل فخر ، بااعتماد اثاثہ ہیں:لیاقت بلوچ


لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، چیئرمین مجلسِ قائمہ سیاسی، انتخابی سیل لیاقت بلوچ نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ مرکزی الیکشن سیل کے اجلاس اور بیرون ملک پاکستانیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ہر نعمت، وسائل اور انسانی صلاحیتوں سے مالا مال کیا ہے لیکن مقتدر طبقہ کی غیردانش مندی، ذاتی اغراض اور بدانتظامی و بدعنوانیوں نے پاکستان کو لاتعداد بحرانوں کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ ریاست کا نظام چلانے کیلئے آئین، قراردادِ مقاصد، جمہوری پارلیمانی انتخابی عمل اور عدلیہ کی مضبوط بنیادیں موجود ہیں۔ ایٹمی صلاحیت کے حامل پاکستان کی افواج اور سِول بیوروکریسی کیلئے دائرہ کار بھی متعین ہے، لیکن ہر شعبہ زندگی ترقیاتی عمل کی بجائے انحراف کی شاہراہ پر گامزن ہے۔ آئین، قانون اور سیاسی، جمہوری، انتظامی ضابطوں کی پابندی سے ہی بحران ختم ہوسکتے ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی پاکستان کا قابلِ فخر اور بااعتماد اثاثہ ہیں۔ یہ امر قابلِ تحسین ہے کہ ملک کے حالات جو اور جیسے ہوں، اوورسیز پاکستانی اپنے خون پسینہ کی محنت سے ملکی معیشت کا سہارا بنے رہتے ہیں۔ اقتصادی بحران نے سب کے اعتماد کو متزلزل کردیا ہے۔ پاکستان کی کامیابی اور استحکام کیلئے سب کچھ موجود ہے لیکن نیت، عزم، اخلاص اور عمل کی کمی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن