عمران کی سکیورٹی ہٹالی گئی، کارکن لیڈر کی حفاظت کیلئے خود کھڑے ہو جائیں: مراد سعید
لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے الزام عائد کیا ہے کہ آصف زرداری اور دیگر لوگ عمران خان کو قتل کرانا چاہتے ہیں جس کے لئے پیسے بھی دیئے گئے ہیں۔ زمان پارک لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان پر حملے کی ایک اور سازش ہوئی ہے، عمران خان کی سکیورٹی ہٹاکر کیا پیغام دیا جارہا ہے، اپنے لیڈر کی حفاظت کے لئے کارکنان خود کھڑے ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈاکوئوں کے کیسز معاف کرنے کا سیزن چلا ہوا ہے، اس ملک میں ایک ہی قانون ہے اگر عدل کی بات کرو گے تو تشدد ہوگا۔ مراد سعید نے کہا کہ کسی کی مرضی کے مطابق سر نہیں جھکا سکتے، بند کمروں میں فیصلے قبول نہیں کریں گے۔