• news

 ناموس رسالت ؐ،صحابہ کرامؓ، قرآن پاک کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے:راغب نعیمی


لاہور(خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی تشویشناک اورقابل مذمت ہے۔سویڈن نے قرآن پاک کو نذر آتش کرکے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی۔ کفر کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود اہل ایمان کا قرآن اور صاحب قرآن سے رشتہ ہر گز کمزور نہیں پڑ سکتا۔ ناموس رسالت وصحابہء کرام اور قرآن پاک کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجاسکتا۔ سویڈن اور ہالینڈ میں اس اقدام سے دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔گزشتہ روز انہوں نے کہاکہ قرآن مجید وہ بلند رتبہ کتاب ہے جو انسانوں کی ہدایت کیلئے نازل ہوئی ہے مگر گمراہی کے اندھیروں میں بھٹکنے والے آج ایمان والوں کے دلوں سے اس کتاب کی عظمت کو کم کرنا چاہتے ہیں ، لیکن ان کے تمام حربے ناکام ہوں گے اور قرآن مجید کو مٹانے کی سازش کرنے والے دنیا سے خود نیست و نابود ہو جائیں گے۔ مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کے خلاف کھلی ورزی ہے۔عالمی برادری کو اسلاموفوبیا اور عدم برداشت کیخلاف یکساں موقف اختیار کرنا چاہئے۔ 

ای پیپر-دی نیشن