قرآنی تعلیمات سے منہ پھیرنا ہماری ذلت کا سبب ہے : مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہل حدیث لاہور کے صدر ، معروف دینی سکالر ، درجنوں کتابوں کے مصنف اور جامع محمدی اہل حدیث سنت نگر فردوس پارک کے سرپرست اعلیٰ ، مولانا فضل الرحمن بن محمد نے کہا ہے کہ مسلمانوں نے جب تک قرآن پر عمل کیا اور اس کی تعلیمات کو خود پر لاگو کیا تو دنیا پر راج کیا اس امر کی تاریخ گواہ ہے کہ رفعتیں ، عظمتیں ہمارے ساتھ رہیں۔ اسلامی تعلیمات نے ہمارے معاشرے میں امن و سکون خوشحالی پیدا کی۔ دنیا ہمارے کردار اور عمل کی معترف رہی اور دین پھیلتا ہی چلا گیا۔ آج ہم نے قرآنی تعلیمات کو پس پشت ڈال دیا ہے۔ عمل سے عاری ہوگئے جو برائی اور خرابی وہ ہمارے معاشرے میں موجود ہے اور یہی ہماری ذلت اور رسوائی کا باعث ہے۔ ارشاد ربانی ہے ’’ نظام حق کو چھوڑنے کے بعد گمراہی اور جہالت کے سوا کیا رہ جاتا ہے۔‘‘ متعین کردہ ضابطہ حیات کو چھوڑنے سے جو کچھ ہمارے ساتھ ہو رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ ابھی وقت ہے سنبھل جائیں تو ہماری آئندہ نسلیں بھی راہ راست پر ہوں گی اور ہم اپنی عظمت رفتہ حاصل کر لیں گے۔