• news

 طالبات نے محنت سے قومی ، بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا :گورنرپنجاب


لاہور (نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے آج فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے 20 ویں کانووکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ہماری خواتین بہت باصلاحیت ہیں جو اعلی تعلیم حاصل کر کے زندگی کے ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر کے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبات نے اپنی لگن اور انتھک محنت کے بل بوتے پر قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ہماری طالبات نہ صرف تعلیم کے میدان میں بلکہ سپورٹس میں بھی ملک و قوم کا نام روشن کررہی ہیں۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ پورے ملک اور خصوصا پنجاب میں گزشتہ دہائیوں میں خواتین کی تعلیم پر کافی توجہ دی گئی ہے اور فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی ایسا ادارہ ہے جس نے طالبات کیلئے ہائر ایجوکیشن کے مواقعوں میں اضافہ کیا ہے۔ مادر ملت فاطمہ جناح کا کردار طالبات کیلئے مشعل راہ ہے اور قیام پاکستان میں محترمہ فاطمہ جناح کا کردار آج کی طالبات کیلئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور انداز میں حصہ لیں اور ملک کو مسائل کی دلدل سے باہر نکالنے میں کردار ادا کریں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کرپشن ایک لعنت ہے جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن