مسلم حکمران اسلام دشمن حرکات روکنے کیلئے اقدامات کریں:عبد الغفار روپڑی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اہل حدیث کے رہنماؤں نے گزشتہ روز خطبات میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبد الغفار روپڑی نے کہا ہے کہ مسلم حکمرانوں کو اس شیطانی اور اسلام دشمن حرکات کو روکنے کیلئے مقدسات کی توہین روکنے کیلئے عالمی سطح پر اقدامات اٹھائے اور قانون سازی کروائیں تاکہ آئے دن مسلمانوں کے ایمانی جذبات کو مجروح کرنے کی شیطانی کوششوں کا خاتمہ ہو سکے۔جامعہ القدس چوک میں گزشتہ روز کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بیحرمتی مسلمانوں کے ایمان پر حملہ ہے ،آزادی اظہار رائے کی آڑمیں مقدسات کی توہین کسی صورت برداشت نہیں۔ لاہور میں حافظ عبدالوحید شاہد اور مولانا شکیل الرحمن ناصر، ملتان میں پروفیسر عبد المجید، اوکاڑہ میں پروفیسر حفیظ اللہ بلوچ، پتوکی میں مولانا جابر حسین، گوجرانولہ میں مولانا عثمان شاکر، شیخوپورہ میں پروفیسر ابوبکر صدیق، فیصل آباد میں مولانا خالد محمود اور میرپورمیں مولانا محمود احمد سمیت دیگر علمائے کرام نے اس واقعی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی اقدار کی توہین کرکے خود ہی نفرت پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔مسلمانوں کی طرف سے ردعمل کو دہشت گردی کہنے والوں کو شرم کرنی چاہیے۔