• news

  پی ایس ایل‘پی سی بی ‘ سندھ حکومت کے درمیان سرد جنگ ختم


 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ اور سندھ حکومت کے درمیان سرد جنگ ختم ہوگئی۔پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات میں گلے شکوے دور کردیئے، مراد علی شاہ نے پاکستان سپر لیگ کے میچز کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرادی۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں کراچی میں پی ایس ایل8 کے میچز کے انعقاد کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئے، نیشنل سٹیڈیم میں 14 تا 26 فروری لیگ کے 9 میچز کا انعقاد ہوگا۔پی ایس ایل ہمارا ایونٹ ہے اور ہم اسے شایان شان منعقد کرانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے، وزیراعلیٰ سندھ نے عالمی اور مقامی کرکٹ کی ترقی کیلئے نجم سیٹھی کی خدمات کو سراہا۔نجم سیٹھی نے کلب کرکٹ کی بحالی سمیت کھیل کے فروغ کے لیے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔قبل ازیں پی ایس ایل کے مقابلوں میں غیرمعمولی تعاون کے باوجود پی سی بی کی جانب سے نظر انداز کیے جانے پر سندھ حکومت نے سرد مہری اختیار کرلی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن