• news

نواز شریف جلد زیادہ طاقت سے واپس آئیں گے عمران اور حواریوں  کی زندگی روتے گزرے گی : مریم نواز


لاہور (نیوز رپورٹر+نیٹ نیوز) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ جو ہوگا مکافات عمل ہو گا۔ زندگی اب روتے ہوئے گزرے گی۔ لندن سے براستہ ابوظہبی لاہور پہنچنے پر عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے شرکاء کو اپنی اور پارٹی قائد نواز شریف کی جانب سے سلام کرنے کے بعد اعلان کیا کہ آپ کا اور میرا محبوب قائد جلد واپس آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ تین بار نکالے جانے کے باوجود آج بھی نواز شریف ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے، جو آپ کی محبت میں جلد واپس آ رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ 28 جولائی پاکستان کا بہت بڑا سانحہ تھا۔ آپ نے 3 مرتبہ نواز شریف کو حکومت دی، انہوں نے 3 بار نواز شریف کو نکالا۔ ان لوگوں نے نواز شریف کو بار بار نکالا لیکن وہ نواز شریف ہی تھا جس نے 3 بار پاکستان کو مشکلات سے نکالا۔ انہوں نے سیاسی مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم اللہ کے حساب کا نشانہ بنے ہو۔ ہم ان شاء اللہ پاکستان کی معیشت کو مشکلات سے نکالیں گے۔ ترقی کرتا ہوا پاکستان جلد واپس آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی کی سزا پر خوش  نہیں ہوں۔ میڈیا میں سینئر رہنماؤں سے متعلق چلنے والی خبروں کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ مفتاح اسماعیل سے متعلق گفتگو نہیں کرنا چاہوں گی، لیکن شاہدخاقان عباسی  کی پارٹی اور نواز شریف سے وابستگی پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی پہاڑ کی طرح ہے، جو اس سے گرے گا وہ پتھر سے زیادہ نہیں ہو گا۔ شاہد خاقان نے کہا کہ میں پارٹی  نہیں چھوڑ سکتا، جاؤں گا تو گھرجاؤں گا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پارٹی  میں اختلافات چلتے رہتے ہیں۔ شاہدخاقان عباسی کا نواز شریف  اور پارٹی سے  3دہائیوں کاساتھ ہے۔ عمران خان نے سیاسی مخالفین  کے ساتھ جو کچھ کیا اس کی سزا قانون فطرت سے ملے گی۔ ماضی کی طرف دیکھتی ہوں  توخوف آتا ہے کہ کس انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ عمران خان اور حواریوں کے ساتھ جو ہوگا وہ مکافات عمل ہوگا، ان کی زندگی اب روتے ہوئے گزرے گی۔ ہم نوجوانوں کو پارٹی میں لا کر مسلم لیگ ن کو مضبوط کریں گے۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے اہم ذمے داریاں دی ہیں۔ 4ماہ والد کے ساتھ سیاسی حکمت عملی مرتب کرنے کا موقع ملا۔ پیر سے رمضان تک مکمل پلاننگ کے ساتھ شیڈول لے کر آئی ہوں۔ ہم پارٹی کو نئی سمت دیں گے۔ پاکستان اور نواز شریف اکٹھے نیچے گئے تھے،  اس بار پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ واپس آئیں گے۔ پارٹی کے لیے قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔ جب تک قوم کی تقدیر نہیں بدل دیں گے آرام سے نہیں  بیٹھیں گے۔ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے کردار سب سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور  مریم نواز نے آپ سے انتقام نہیں لیا۔  8ماہ کا حساب بعد میں ہو گا، پہلے 4 سال کا حساب دینا ہوگا۔ ہم الیکشن سے ڈرنے والے نہیں ہیں، الیکشن میں مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے  جیتے گی۔ مسلم لیگ (ن) کو طعنے دینے والوں نے اپنی حکومت خود توڑی۔ اب رو بھی خود رہا ہے۔ جن حکومتوں کے بل بوتے پر یہ خرچہ چلاتا تھا‘ ہیلی کاپٹر پر پھرتا تھا۔ اپنے ہاتھ سے حکومت توڑ کر سڑکوں پر پھر رہا ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف کی طرف سے اعتماد اور نئی ذمہ داریوں پر شکریہ ادا کرتی ہوں۔ نواز شریف کو اور مجھے احساس ہے کہ مہنگائی ہے‘ بجلی‘ روٹی‘ گیس مہنگی ہے۔ آج اس شخص کو مہنگائی کا خیال آرہا ہے جو اپنے دور میں فرعونیت سے کہتا تھا مہنگائی کا مجھے ٹی وی سے پتا چلا۔ اسحاق ڈار پر‘ اللہ تعالیٰ پر یقین رکھو۔ انشاء اللہ معیشت کو اس گرداب سے نکالیں گے۔ سرجری کے باعث میرا گلا  خراب ہے۔ میری سرجری ہوئی تھی۔ پچھلے 5 سال مجھے بیرون ملک سفرکیلئے پاسپورٹ نہیں دیا گیا۔ دریں اثنا مریم نواز خطاب کے بعد جاتی امرا پہنچ گئیں‘ جہاں لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے اپنی قائد کا پرتپاک استقبال کیا۔ قبل ازیں مریم نواز نے ٹویٹ کیا۔ انہوں نے کہا ابھی میری تمام توجہ مسلم لیگ (ن) پر ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنا چاہتی ہوں۔ 4 ماہ میں والد سے سیکھنے کا موقع ملا۔
مریم نواز

ای پیپر-دی نیشن