• news

 پاکستان کا بھارت کو روایتی ‘غیرروایتی ہتھیاروں کی فروخت پر اظہارتشویش 

جنیوا(کے پی آئی  ) پاکستان نے بھارت کو روایتی اور غیر روایتی ہتھیاروں کی فروخت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے جنوبی ایشیا میں سٹریٹجک استحکام کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ اقوام متحدہ کیلئے پاکستان کے مستقل نمائندہ خلیل ہاشمی نے جنیوا میںبھارت کا نام لیے بغیرتخفیف اسلحہ سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی طور پر سب سے بڑی ریاست کی خطے میں بالا دستی کی خواہش پر مبنی پالیسیوں کی وجہ سے علاقائی سلامتی کی ساکھ کو مسلسل نقصان پہنچ رہا ہے۔بین الاقوامی برادری کا ہتھیاروں کے کنٹرول اور تخفیف اسلحہ کے معاہدوں پر بات چیت کے لیے 65 رکنی فورم کا اجلاس منگل کو شروع ہواتھا۔پاکستانی نمائندہ نے کہا کہ خطے میںبالا دستی کی خواہش پر مبنی ان پالیسیوں نے متعدد ذرائع سے روایتی اور غیر روایتی ہتھیاروں ، ٹیکنالوجی اور پلیٹ فارمز سے تقویت حاصل کی۔مختلف ذرائع اور پلیٹ فارمز سے روایتی اور غیر روایتی اسلحہ اور ٹیکنالوجی کی بڑے پیمانے پر فراہمی سے خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنے کی خواہش پر مبنی بھارتی پالیسیوں کو تقویت ملی ہے ۔ 2008میں بھارت اور امریکا کے درمیان طے پانے والے سویلین جوہری تعاون کے معاہدے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ تقویت جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلائو کے اصولوں، اقدار اور روایات کے برعکس جوہری پروگرام پر استثنا دینے سے بھی ملی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن