وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس، پی ڈی ایف، سرکاری انٹرپرائز کے کردار پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ (پی ڈی ایف) اور سرکاری ملکیتی انٹرپرائز کے کردار سے متعلق اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید اور فنانس ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایس او ایز کے نئے ایکٹ 2022ء کی روشنی میں پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ اور سرکاری ملکیتی انٹرپرائزز کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ایس او ایز اور ان سے متعلقہ وزارتوں کی گورننس کو بہتر بنانے کے طریقوں اور ان کے کردار کو دوبارہ متحرک کرنے کے لئے پی ڈی ایف کی تنظیم نو پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ ملک میں انفراسٹرکچر کو فروغ دیا جا سکے۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سرکادی اثاثہ جات کی حفاظت کے لیے احتساب کے تصور کے ساتھ کاروباری منصوبہ، گورننس کے ڈھانچے اور مالیاتی طور پر قابل عمل، پی ڈی ایف اور ایس او ایز کے کردار پر نظر ثانی پر زور دیا۔