ملاقات: نالج بیسڈ اکانومی اہم‘ گورنر‘ الیکشن کے انعقاد میں آئینی مسائل: احسن اقبال
لاہور‘ راولپنڈی (نیوز رپورٹر + جنرل رپورٹر + این این آئی) محمد بلیغ الرحمن سے گزشتہ روز یہاں گورنر ہائوس لاہور میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اعلی تعلیم کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے نالج بیسڈ اکانومی کا فروغ بہت اہم ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے گورنر پنجاب کو تعلیم کی بہتری بالخصوص یونیورسٹیوں کے لیے وفاقی حکومت کے شروع کیے گئے پروجیکٹس سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں اعلی تعلیم کے شعبے میں بہتری کا سلسلہ جاری رہے گا۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے بطور چانسلر پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پرفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کے گھر کے باہر طلباء کی ہنگامہ آرائی کا نوٹس لیا ہے اور اس حوالے سے گورنر پنجاب نے پنجاب یونیورسٹی کی انتظامیہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ دریں اثناء گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، دنیا ایک گلوبل ویلج ہے اور گلوبل ویلج میں ٹیکنالوجی کا انتہائی اہم کردار ہے، نوجوانوں کی کیپسٹی بلڈنگ اور کلچرل کے لیے ایسا ماحول مہیا کیا جائے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے آئینی مسائل ہیں۔ آئینی اور معاشی چیلنجز ہیں ان کو دیکھتے ہوئے اگر الیکشن کمشن پنجاب کے انتخاب کے انعقاد کا 90 روز میں فیصلہ کرتا ہے تو ہم اس کیلئے بھی تیار ہیں اور اگر الیکشن کمشن اور آئینی ادارے یہ دیکھتے ہیں کہ پاکستان میں انتخابات اکتوبر میں اکٹھے ہونے چاہئیں ہم اس کے لئے بھی تیار ہیں۔ ہمیں انتشار اور نفرت کے سفر سے نکلنا ہے جو عمران خان نے پاکستان پر مسلط کیا ہے۔