ایران شدید زلزلہ 3افراد جاں بحق 500زخمی پاکستان کے جنوبی علاقوں میں شدت 6.3
تہران‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی+ این این آئی) ایران میں شدید زلزلے کے باعث 3 افراد جاں بحق جبکہ 500 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف اسلام آباد سمیت پاکستان کے جنوبی علاقوں میں بھی گزشتہ سہ پہر کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق زلزلے کی شدت5 اعشاریہ 9 ریکارڈ کی گئی ہے‘ زلزلے کا مرکز ایران کے شہر خوی کے قریب تھا۔ ایرانی ایمرجنسی ٹیم کے اہلکار کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ کچھ علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ ایرانی ایمرجنسی ٹیم کے اہلکار نے یہ بھی بتایا کہ زلزلے کے باعث کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔ ایرانی حکام نے بتایا کہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری طرف اسلام آباد سمیت ملک کے جنوبی علاقوں میں اتوار کی سہ پہر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر (این ایس ایم سی) اسلام آباد کے سینئر میٹرولوجسٹ صابر خان کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی۔ اتوار کو محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلے کا دورانیہ چند سیکنڈ تھا جس کا مرکز تاجکستان تھا اور اس کی گہرائی 150 کلو میٹر تھی۔ یورپین میڈیٹیرین سیسمولوجیکل سینٹر (ای ایم ایس سی) نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ اٹک کے قریب بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے پاکستان سمیت ایران اور افغانستان میں بھی محسوس کیے گئے۔
ایران/ زلزلہ