• news

مسئلہ کشمیر:  اسلامی ممالک کی پارلیمانی  یونین میں  پاکستانی قرار داد کی متفقہ منظوری



الجزائر (کے پی آئی) اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دے دی ہے، جس میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا خاتمہ اور اگست 2019ء کے بھارتی غیرقانونی اقدامات کو واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قرارداد الجزائر میں ہونے والے اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین کے 17ویں اجلاس میں قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے پیش کی۔ قرارداد میں عالمی برادری سے بھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیر میں بے لگام مظالم، علاقے کے سیاسی نقشے کی تبدیلی اور اس کے اتحاد کے خلاف اقدامات کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ قرارداد کانفرنس کے آخری اجلاس میں پیش کی جائے گی جہاں سے منظوری کے بعد اس کو کانفرنس کے حتمی اعلامیے میں شامل کیا جائے گا۔ زاہد درانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کی پارلیمانی یونین کی طرف سے قرارداد کی منظوری بھارت کے غیر  قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت کی طرف عالمی برادری کی توجہ دلانے میں اہم کردار ادا کر ے گی۔
قرارداد منظور

ای پیپر-دی نیشن