مریم کی واپسی پر قوم کو مہنگے پٹرول کی سلامی‘ نواز کو بھی کریڈٹ جاتا: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے سابق وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ نے گزشتہ روز ملاقات کی، جس میں سیاسی صورت حال، ملکی معاملات اور معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مریم نواز کی واپسی پر قوم کو 35روپے فی لٹر پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی اسحق ڈار نے سلامی دی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کریڈٹ نواز شریف اور مریم نواز کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے، حکومت کو صرف انتقامی کارروائیوں سے فرصت نہیں، امن و امان کی صورتحال تباہ ہو چکی، جرائم میں تیزی سے اضافہ ہو چکا ہے۔ انتظامی گورننس بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ ڈویلپمنٹ منصوبوں سے جو روزگار کے مواقع پیدا ہورہے تھے وہ بھی بند ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا بچے سقے محسن نقوی کی حکومت میں بے روزگاری میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔ مہنگائی حکومت کے بس سے باہر ہو گئی اب یہ ملک کو ڈیفالٹ کی طرف لیکر جارہے ہیں۔ قوم کو مہنگائی کے عذاب میں پھنسا کر آنے والوں کو عوام مسترد کر چکے ہیں۔
پرویز الٰہی