• news

سیاسی و مذہبی جماعتوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںاضافہ مسترد کردیا 

لاہور،فیروزوالہ ( خصوصی نامہ نگار،  نیوز رپورٹر،نامہ نگار) سیاسی و مذہبی جماعتوں نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو مسترد کردیا۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر ظالمانہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ظالم حکمرانوں نے مہنگائی کے ذریعے عوام کے معاشی قتل کی قسم کھا رکھی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ مہنگائی کی پسی عوام پر پیٹرول بم گرانے کے مترادف ہے۔ روس سے سستے پٹرول کے معاہدوں کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کرنا قوم کے عوام کیساتھ دھوکہ اور فراڈ ہے۔ عام آدمی پہلے ہی کمر توڑ مہنگائی سے فاقوںکی نوبت پر آگیا ہے۔قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف عوام کو گھروں سے باہر نکلیں اورجماعت اسلامی کی قیادت کا ساتھ دیں۔ عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ یہ حکمران عذاب بن کر قوم پر نازل ہوئے ہیں۔اسحاق ڈار معیشت بدلنے کے لئے نہیں بلکہ بدلہ لینے کے لئے چھٹی پر پاکستان آئے ہیں۔کرپٹ رجیم نے پاکستان کو غریب کے لیے جیل اور عقوبت خانہ بنا دیا۔حکمرانوں کی کرپشن،نااہلی اور سازشوں کی سزا کم آمدنی والے خاندانوں کو مل رہی ہے۔اسحاق ڈار ایک کرپٹ،نااہل شخص ہے یہ معیشت ٹھیک کرنے آیا تھا اور اس نے معیشت کا بھرکس نکال دیا۔پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ حکومت عوام کے ساتھ ظلم بند کرے مہنگائی نے غریب کی زندگی کا سکون چھین لیا ہے ۔حکمران شرم وحیاء سے عاری ہوچکے ہیں۔ یہ بات جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی پروفیسر عبد المجید مولانا شکیل الرحمٰن ناصر حافظ عبد الوحید شاہد نے مشترکہ بیان میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کا طوفان برپا کرکے غریب عوام کو خود کشیوں پر مجبور کردیا ہے ۔حکمرانوں کی نحوست نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کرکے رکھ دیا ہے پاکستان کی تاریخ میں ایسے ظالم حکمران کبھی نہیں آئے ۔اگر عوام ریلیف نہیں دے سکتے تو حکومت حاصل کرنے کا کیا شوق تھا یہ آء ایم ایف کے ایجنڈے کی تکمیل کرتے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے ۔امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں ظالمانہ اضافے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوام سے جینے کا حق نہ چھینے اور فی الفو ر قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو واپس لیا جائے۔ قوم پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس چکی ہے۔ پنجاب سے خیبر تک پٹرول کی قلت کے باعث شہری خوار ہورہے ہیں۔ایک طرف پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں نظر آتی ہیں اور دوسری طر ف حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35روپے فی لٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 18روپے فی لٹر اضافہ کرکے عوام پر پٹرول بم گرادیا گیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین وسطی پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور ڈالر کو حکومتی کنٹرول سے باہر کرنے کے فیصلوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکومت اپنے نیب کیسز ختم کرانے آئی تھی اِن کا مقصد معیشت بچانا اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانا نہیں تھا۔علامہ سید علی اکبر کاظمی نے مزید کہا کہ تاریخ کی بلند ترین سطح کی مہنگائی کی وجہ سے عوام پہلے ہی سراپا احتجاج ہیں۔ اتحادی حکومت ہوش کے ناخن لے، اور اپنے اپنے لوٹ مار کے پیسے واپس لیکر آئیں وگرنہ عوام ان کی دہلیزوں تک پہنچ جائے گی۔ تحریک انصاف  مرکزی رہنما رانا محمد تنویر نے زمان پارک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اور  90 رکنی وفاقی کابینہ غریب عوام اور خزانے پر بوجھ ہے۔ امپورٹڈ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے غریب عوام کی دو روٹی کا حصول ناممکن بنا دیا ۔امپورٹڈ حکمرانوں نے نہتے اور معصوم عوام پر پٹرول بم کرا کر 23 کروڑ پاکستانیوں سے  دشمنی کی تمام حدیں کراس کر لی ہیں ۔حکمرانوں کو عیاشیوں اور بیرون ملک سیر سپاٹوں سے فرصت نہیں ۔تحریک انصاف ڈسٹرکٹ لاہور کے صدر شیخ امتیاز محمود اور سیکرٹری اطلاعات اویس یونس نے اپنے ردعمل میں کہا کہ حکومت ڈالر اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ظالمانہ  اضافے کو واپس نہ لیا تحریک انصاف عوام کے ساتھ مل کر شدید احتجاج کریگی۔ پی ٹی آئی قیمتوں میں اضافے کو مسترد رپورٹ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی مذمت کرتی ہے ۔ن لیگ کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے ۔پاکستان ٹریڈ یونین جنرل سیکرٹری صفدر حسین سندھو ایڈوکیٹ نے مزدور یونین کے نمائندگان اور کارکنان کے ہمراہ  پیٹرولیم مصنوعات کی زمانہ قیمتوں میں اضافے پر شدید احتجاج  کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے پٹرول بم گرا کر مزدور دشمنی کا کھلا ثبوت دیا ہے پیٹرول مہنگا کرنے کے حکومت کے مزدور دشمن اقدام کو مسترد کردیا ۔

ای پیپر-دی نیشن