• news

زرمبادلہ کے ذخائر 5 ارب ڈالر سے بھی کم رہ گئے: ابو الخیر زبیر 

لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء  پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے کہا کہ پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر 5 ارب ڈالر سے بھی کم رہ گئے۔ فنانشل ٹائمزکی رپورٹ پاکستان کی معاشی صورتحال  کی حقیقی عکاسی کررہی ہے اور حکمرانوں کے معاشی استحکام کے دعوؤں کی سراسر نفی کررہی ہے اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی معیشت تباہی کے قریب ہے، غیر ملکی کرنسی میں شدید قلت کے باعث کاروبار بند ہورہے ہیں، بندرگاہوں پر سینکڑوں کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں اس رپورٹ نے پاکستانی حکمرانوں کے معیشت مستحکم ہونے کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے اور حقیقی صورتحال سے آگاہ کردیا ہے،حکمرانوں کو چاہئے کہ اس صورتحال سے نکلنے کیلئے آئی ایم ایف کے قرضوں کا بوجھ عوام پر ڈالنے کے بجائے اس بوجھ کو خود برداشت کریں،اپنے خاندانوں اور سیاسی رفقاء  کے بیرون ملک بینکوں میں جمع شدہ دولت واپس پاکستان لائیں،جن اشرافیہ کو ٹیکس کی چھوٹ دی گئی ہے یاجو ٹیکس چوری کرتے ہیں ان سے پورا ٹیکس وصول کیا جائے، اپنی جہازی سائیز کیبنیٹ کم کریں،حکومت کے شاہانہ اخراجات میں کمی لائیں، بڑے افسران کی تنخواہوں میں اضافہ کے بجائے اس میں کمی کریں، سرکاری اداروں میں اربوں کی کرپشن کو کنٹرول کریں۔

ای پیپر-دی نیشن