قرآن پاک کی بے حرمتی سے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی، محفوظ مشہدی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علمائے پاکستان (سواد اعظم)کے مرکزی صدر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے ہالینڈ اور سویڈن میں قرآن مجیدکی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوارب مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔ قرآن مجید جلانے کے واقعات قابل مذمت اور افسوسناک ہیں۔ اسلامو فوبیا کا شکار عاقبت نااندیش لوگ سوائے اسلام سے اپنی نفرت کے اظہار کے کچھ نہیں کرسکتے۔ اسلام اپنی آب و تاب کے ساتھ دنیا میں موجود ہے۔ قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعات مذہبی منافرت اورانتہا پسندی پر مشتمل ہیں۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی ایسے شرمناک واقعات کا نوٹس لے کر تمام مذاہب کے مقدسات کے احترام کو یقینی بنائے۔