سیاسی پارٹیوں نے ملک کو معاشی تباہ حالی کے دہانے پر لاکھڑا کیا : جاوید قصوری
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) جماعت اسلامی کے ضلعی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیرمولانا جاوید قصوری نے کہا کہ 75سال ملک پر حکومت کرنے والی پارٹیوں نے ملک کو جس معاشی تباہ حالی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے اس سے جماعت اسلامی کی بے داغ قیادت ہی بچاسکتی ہے۔اسی لئے جماعت اسلامی نے وسیع پیمانے پر آئندہ انتخابات میں اپنے امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ امریکہ اور آئی ایم ایف کی غلامی سودی نظام اور کرپشن میں مسلم لیگ ، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی یکساں کردار کی حامل ہیں۔جبکہ جماعت اسلامی کے ارکان اسمبلی اور وزرای کے صاف شفاف کردار کی ساری قوم گواہ ہے۔کنونشن سے امیدوار حلقہ پی پی 70ڈاکٹر محمد یسن، ملک شوکت علی پھلروان، پروفیسر محمد ایوب طاہر، امان اﷲچٹھہ، محمد قاسم تارڑ، طارق یعقوب، آصف نارو، ارشد نواز ، ہمایوں مغل نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں جماعت کے راہنمائوںکو ریلی کی صورت میںاور پھولوںکی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے لایا گیا۔