• news

کوہاٹ: کشتی حادثہ‘ مزید 5 بچوں کی نعشیں مل گئیں‘ تعداد 16‘ اجتماعی نماز جنازہ



کوہاٹ‘ اسلام آباد (این این آئی + خبر نگار خصوصی) تاندہ ڈیم کوہاٹ میں کشتی اْلٹنے کے دل خراش سانحہ میں جاں بحق ہونے والے11 طلبہ کی اجتماعی نماز جنازہ اداکر دی گئی جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران مزید5 بچوں کی نعشیں نکال لی گئیں۔ ادھر اس المناک سانحہ کا مقدمہ مقامی پولیس نے محکمہ انہار کے ایگزیکٹو انجینئر‘ ایس ڈی او‘ سب انجینئر اور کشتی بان کے خلاف درج کر دیا، تاہم ابھی تک کوئی گرفتای عمل میں نہیں آئی۔ اتوار کے روز تفریحی مقام تاندہ ڈیم میں دینی مدرسہ کے 30 سے زائد طلبہ کو لے کر ڈیم کی سیر کر رہے تھے‘ گنجائش سے زیادہ افراد بٹھانے اور توازن بگڑنے کے نتیجے میں درجنوں طلبہ ڈیم کے پانی میں ڈوب گئے تھے۔ جبکہ ایک بچہ نیم بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ کئی بچے ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ ادھر ریسکیو1122 نے گزشتہ روز کشتی ڈوبنے سے لاپتہ ہونے والے بچوں کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کر دیا، جس کے نتیجے میں مزید5 بچوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور اس طرح اب تک مجموعی طور پر ڈیم سے 16 نعشیں نکالی گئی ہیں جبکہ 6 دیگر کو زندہ ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ فرقان اشرف کے مطابق ملاح سمیت14 بچے ابھی تک لاپتہ ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے جائے وقوعہ تاندہ ڈیم کا دورہ کیا اور سرچ آپریشن کا جائزہ لیا۔ پولیس سٹیشن محمد ریاض شہید میں اس سانحہ کا مقدمہ کشتی بان ساجد الدین ‘ محکمہ انہار کے ایگزیکٹیو انجینئر‘ ایس ڈی او سلطان اور سب انجینئر طیب کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ نامزد ملزمان کی مجرمانہ غفلت‘ لاپرواہی اورغیرذمہ داری کے سبب اتنا بڑا سانحہ رونما ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تاندہ ڈیم ضلع کوہاٹ میں بچوں کے ڈوبنے کے واقعہ پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ فاتحہ اور بلندی درجات کی دعا کی۔ وزیراعظم نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے ہسپتال میں زیر علاج بچوں کو تمام تر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نماز جنازہ 

ای پیپر-دی نیشن