ملک بھر میں سکیورٹی ریڈ الرٹ، اہم مقامات پر اضافی نفری، اسلام آباد، پشاور میں سنائپر تعینات
لاہور؍ اسلام آباد (نامہ نگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ آئی این پی) پشاور پولیس لائن مسجد میں خود کش بم دھماکے واقعہ کے بعد پولیس وقانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک بھر میں اہم شہروں میں سکیورٹی کو ریڈ الرٹ کر دیا ہے۔ اہم سرکاری و غیر سرکاری عمارات خصوصاًقانون نافذ کرنے والے اداروں کی عمارتوں، ہوٹلوں اور مزاروں کی سکیورٹی کے سخت انتظامات، بڑے شہر وں میں نصب شدہ سکیورٹی کیمروں اور کنٹرول رومز کا بھی معائنہ کیا جا رہا ہے۔ اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات اور پولیس گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ حساس اداروں و پولیس افسروں کے دفاتر اور اہم عمارتوں و مزاروں کے باہر بھاری رکاوٹیں کھڑی کرنے کے ساتھ ساتھ مسلح اہلکاروں کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کو میٹل ڈ یٹکٹر سے تلاشی اور واک تھرو گیٹ سے گزار کر داخل ہونے دیا جا رہا ہے۔ لاہور کی مختلف شاہراہوں پر ناکے لگا کر گاڑیوں کی تلاشی لینے کا سلسلہ بھی شروع ہے۔ ہوٹلوں اور گیسٹ ہائوسزکے مالکان سے کہا ہے کہ وہ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے بغیر کسی کو کمرہ نہ دیں۔ شہر کے داخلی راستوں کی بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ پشاور میں ہونے والے دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت کے اہم ناکوں اور عمارتوں پر اسنائپرز تعینات کر دیئے گئے ہیں، جب کہ شہریوں کو دوران سفر اپنے شناختی دستاویزات ہمراہ رکھنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ پشاور کی پولیس لائنز مسجد میں دھماکے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی ہے۔ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ کے احکامات جاری کردئیے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی۔ سیف سٹی کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اہم ناکہ جات اور عمارتوں پر سنائپرز تعینات کر دیے گئے ہیں۔ اسلام آباد کیپیٹل پولیس تھرمل امیجنگ کی صلاحیت سے لیس ہے۔ شہری دوران سفر اپنے شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں، شہری دوران چیکنگ پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
احکامات جاری