• news

آئی ایم ایف  کا جائزہ مشن پاکستان پہنچ گیا آج سے مذاکرات شروع


 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)  بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا جائزہ مشن جوناتھن پورٹر کی سربراہی میں   10 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا۔ آئی ایم ایف  اور پاکستان کے درمیان نویں اقتصادی جائزے پر آج منگل سے مذاکرات شروع ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نویں اقتصادی جائزے  کی تکمیل پر پروگرام ٹریک پر آنے اور ایک ارب دس کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے۔ مذاکرات میں آئی ایم ایف کو جولائی تا دسمبر 2022ء معاشی کارکردگی سے آگاہ کیا جائے گا، سیلاب سے 30 ارب ڈالر کے نقصانات اور اخراجات پر بریفنگ دی جائے گی، اور ٹیکس محاصل، ایکسچینج ریٹ سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔ آئی ایم ایف کے جائزہ وفد کو کرنٹ اکاؤنٹ خسارے، انرجی سیکٹر میں اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی، جبکہ گردشی قرضے اور نجکاری پروگرام میں پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ ایک ہفتے تک تکنیکی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں جمعہ سے پالیسی سطح کے مذاکرات شروع ہوں گے۔ اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔ حکام کے مطابق آئی ایم ایف سے غریب طبقے پر بوجھ نہ ڈالنے کی درخواست کی جائے گی۔ صاحب ثروت افراد کو ملکی معیشت میں کچھ نہ کچھ حصہ ڈالنا پڑے گا۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف جائزہ مشن کی آمد سے قبل ہی متعدد شرائط پوری کی جاچکی ہیں اور بجلی و گیس کے بارے میں بھی جلد فیصلہ متوقع ہے جس کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ اقتصادی معاہدے کی تکمیل کی راہ ہموار ہوجائے گی۔
 آئی ایم ایف مشن 

ای پیپر-دی نیشن