• news

ہائیکورٹ کارروائی سے واضح‘ الیکشن 90 روز میں ہی ہونگے: اسد عمر


لاہور (سپیشل رپورٹر) پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ آج ہماری تحریک کی پٹیشن سنی گئی جس میں گورنر پنجاب کی اپنی آئینی ذمے داری پوری نہ کرنے کے حوالے سے درخواست ہے وہ  گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی کارروائی کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ الیکشن 90 روز میں ہی ہونگے۔ آئین کو مجروح کرنے کی سازش ہماری عدالتیں کامیاب نہیں ہونے دینگی۔ اس وقت ملک دو حصوں میں تقسیم ہوا ہے۔ تحریک انصاف اور عوام پاکستان کے آئین کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن کچھ عناصر صرف اپنی ذات کے لیے پاکستان کو خطرے میں ڈالنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گورنر کو بار ہا کہا لیکن پھر ہمیں مجبوراً عدالت سے رجوع کرنا پڑا۔ عدالت نے الیکشن ایکٹ پڑھوایا اور کہا کہ آئین کا قائم رہنا سب سے ضروری ہے۔ عدالت نے گورنر اور الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کیا ہے۔ گورنر کا آئینی عہدہ ہے ان سے کہونگا کہ وہ اپنی آئینی ذمے داری پوری کرے تاکہ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ کیا جا سکے۔ 90 روز میں الیکشن ہونا ہے، عدالت کے پاس پورا اختیار ہے کہ وہ گورنر کو واضح طور پر الیکشن کروانے کی تاریخ کا اعلان کرنے کا حکم دے۔

ای پیپر-دی نیشن