فیصل آباد میں گھریلو ملازم قتل، وزیراعلیٰ کے نوٹس پر مقدمہ
لاہور؍ فیصل آباد (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) فیصل آباد کے نواحی علاقے میں گھریلو ملازم کو تشدد کر کے قتل کرنے اور خودکشی کا ڈرامہ رچانے والے شہری اور اس کے ساتھیوں کے خلاف لیکن وزیر اعلی محسن نقوی کے نوٹس لینے اور آر پی او سے رپورٹ طلب کرنے پر ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ مقتول حسن کے والد نذیر نے مؤقف اختیار کیا کہ اس کا بیٹا حسن ایک گھر پر ملازمت کرتا تھا۔ مالک ریاض نے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسے نامعلوم وجوہات کی بناء پر تشدد کا نشانہ بنایا اور موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اس کی لاش کے گلے میں رسی کا پھندا ڈال کر لٹکا دیا اور خودکشی کا ڈرامہ رچاتا رہا۔ مقتول کے ورثا لاش ڈجکوٹ چوک میں رکھ کر سارا دن احتجاج کرتے رہے لیکن پولیس نے پھر بھی مقدمہ درج نہ کیا۔ رات گئے وزیراعلی محسن نقوی نے واقعہ کا نوٹس لیا اور آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلی کے نوٹس لیتے ہی پولیس سرگرم ہوگئی اور واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا۔