کرونا کے 15نئے مریض،11کی حالت نازک،عالمی ہیلتھ ایمرجنسی جاری رہے گی:عالمی ادارہ صحت
اسلام آباد؍ جنیوا (خبرنگار+ آئی این پی) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ)کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 66 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 15 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح اس مدت میں مثبت کرونا ٹیسٹ کی شرح 0.49 فیصد رہی ہے۔ مزید برآں اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 11 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر میں مختلف شہروں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کیے گئے ٹیسٹس میں سے اسلام آباد میں مثبت کیسز کی شرح 1.52 فیصد رہی، کراچی میں 2.55 فیصد رہی ۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) نے کہا ہے کہ کووڈ 19 کی وبا اب بھی عالمی ہیلتھ ایمرجنسی ہے۔ یہ بیان اس وقت جاری کیا گیا ہے جب کووڈ 19 کی وبا کو عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیے 3 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ ایمرجنسی کمیٹی کا حالیہ اجلاس 27 جنوری کو ہوا تھا جس میں کووڈ کی وبا کے حوالے سے سفارشات ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل کو بھجوائی گئی تھیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل نے کووڈ کی وبا کے حوالے سے اس خیال کو تسلیم کیا کہ کووڈ کی وبا ابھی تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہی ہے اور اس مشورے کو سراہا کہ اس عمل کے دوران احتیاط سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ منفی نتائج سے بچ سکیں۔