• news

وزیراعظم نے کپڑے کیا بیچنے تھے عوام کو سامان فروخت پر مجبور کر دیا: سراج الحق


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی وکالت کرنا حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے، اگر پاکستان جسم ہے تو کشمیر روح، مقبوضہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی تکمیل کا مسئلہ ہے۔ کشمیر کاز سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ حکمرانوں کو بتا دیا تھا گلگت بلتستان کو صوبہ کی حیثیت دینے سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی آئینی اور اخلاقی پوزیشن کمزور ہو جائے گی، جب تک مقبوضہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق آزاد نہیں ہو جاتا، گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا درست فیصلہ نہیں۔ تسلیم کرتا ہوں کہ اسلام آباد لیٹ گیا، لیکن پاکستان کی عوام اور جماعت اسلامی مسئلہ کشمیر پر سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر نئے عزم کے ساتھ منایا جائے۔ سب گھروں سے نکلیں اور گجرات کے قصائی مودی کو پیغام دیں کہ کشمیر ہمارا ہے۔ یہ مسئلہ کلی طور پر پاکستان کے سیاست دانوں اور سفیروں پر نہ چھوڑا جائے، اقوام متحدہ میں پاکستان کا سفیر ہر موضوع پر گفتگو کرتا ہے، کشمیر پر نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں قائدین آل پارٹیز حریت کانفرنس کے اعزاز میں استقبالیہ کے دوران کیا۔ امیر العظیم نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ استقبالیہ میں حریت کانفرنس کی آزادکشمیر، گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع، اسلام آباد اور برطانیہ، ترکی ودیگر ممالک سے قیادت نے شرکت کی۔ امیر جماعت نے خطاب کے دوران پشاور کی مسجد میں ہونے والے دھماکا کو ملکی تاریخ کا ایک اور اندوہناک اور انتہائی افسوس ناک واقعہ قرار دیا۔ یہ دہشت گردی اور ظلم عظیم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک دفعہ اپنے کپڑے بیچ کر عوام کو ریلیف دینے کی بات کی تھی، انھوں نے خود تو کپڑے کیا بیچنے تھے، مگر عوام کو اپنا لباس اور گھر کا سامان بیچنے پر مجبور کر دیا۔ استقبالیہ میں نائب امرا جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ، مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ، قائم مقام امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر شیخ عقیل الرحمن سمیت محمود احمد ساگر، شیخ عبدالمتین، امتیاز احمد وانی، غلام محمد صفی، محمد رفیق ڈار، سید یوسف نسیم، محمد یعقوب شیخ، الطاف احمد بھٹ، زاہد اشرف، زاہد صفی، نثار مرزا، خادم حسین، انجینئر مرزا مشتاق احمد، و دیگر کشمیری قیادت نے شرکت کی۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن