• news

انسانیت کے قاتل کا اسلام ، مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں :علماء و مشائخ کونسل

لاہور(خصوصی نامہ نگار)ملک بھر کے علماء و مشائخ اور پاکستان علماء کونسل کے قائدین نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ انسانیت کا قتل کرنے والوں کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا۔ پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور عالم اسلام کے عظیم قائدین خود کش حملوں کو حرام قرار دے چکے ہیں۔ پشاور پولیس کے شہداء اور زخمیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحت کیلئے دعا کرتے ہیں۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ،پیر نقیب الرحمن، صاحبزادہ حسان حسیب الرحمن، علامہ حسین اکبر، علامہ راغب نعیمی، علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ، علامہ عارف واحدی، مولانا خان لغاری، علامہ افتخار نقوی ، مولانا رمضان سیالوی ،مفتی عبد الستار، مولانا یوسف شاہ اور دیگر نے کہا کہ پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور تمام مذاہب کے قائدین دہشت گردی کی ہر طرح سے مذمت کرتے ہیں۔ پاکستانی قوم اور فوج نے مل کر دہشت گردی اور انتہا پسندی کو مل کر ماضی میں بھی شکست دی تھی اور اب بھی پاکستان دشمن عناصر پاکستان کو کمزور کرنے کی جو سازشیں کر رہے ہیں وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔ پاکستان کی عوام ، علماء و مشائخ ، حکومت ، افواج پاکستان اور سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن