• news

پولیس ملازموں کی بیواؤں کا گزارا الاؤنس محنت کش کی اجرت کے برابر کرنیکا فیصلہ 

لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس کے ملازموں کی بیواؤں کا گزارا الاؤنس حکومت کی جانب سے منظور کردہ محنت کش کی اجرت کے برابر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر پولیس شہداء کی فیملیز اور غازیوں کی ویلفیئر کیلئے تاریخی اور بڑے فیصلے کئے گئے، پولیس ملازموں کی بیوگان کا گزارا الاؤنس بڑھا کر محنت کشوں کی کم از کم حکومتی منظور کردہ اْجرت کے برابر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پولیس شہدا کے اوپن میرٹ پر آنے والے تمام بچوں کو محکمانہ بھرتی کے عمل کے دوران 10 اضافی نمبر دینے کا فیصلہ ہوا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جیز اسٹیبلشمنٹ، آپریشنز اور آئی ٹی پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ مذکورہ کمیٹی سات روز میں اپنی سفارشات تیار کرکے ایگزیکٹو بورڈ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے، متعلقہ ضلع میں سیٹ دستیاب نہ ہونے پر شہدائ￿ کے بچوں کو کسی بھی ضلع میں فی الفور بھرتی کرلیا جائے، پولیس شہداء اور غازی ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، شہدا اور غازیوں کے اہل خانہ کو مثالی عزت و احترام اور ہر ممکن ریلیف ملنا ان کا حق ہے۔اجلاس میں فرض کی راہ اور سماج دشمن عناصر سے لڑتے ہوئے معذورہوجانے والے بہادر غازیوں کے مالی پیکیج میں بھی اضافہ کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں مختلف برانچوں کے پیشہ ورانہ امور، اسٹینڈنگ آرڈرز سمیت دیگر معاملات بھی زیر بحث آئے۔اس موقع پر سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ ذوالفقار حمید، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن