عمران ثبوت پیش کریں یا اپنے جھوٹ پر زرداری سے معافی مانگیں،شیری رحمان
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے آصف علی زرداری پر جھوٹے اور من گھڑت الزام پر پیپلز پارٹی کے چاہنے والوں، عہدیداران اور کارکنان نے شدیدغصے کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیری رحمان نے لکھا کہ پیپلز پارٹی عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کا ارداہ رکھتی ہے، اس طرح کی الزام تراشی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، عمران خان اب عدالت میں ثبوت پیش کریں یا اپنے جھوٹ پر سابق صدر زرداری سے معافی مانگیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ہمیشہ دوسروں پر الزام تراشی کر کے سیاست میں متعلقہ رہنے کی کوشش کی ہے، جس شخص نے آج تک شہید بی بی کے قتل کی مذمت نہیں کی وہ آصف زرداری پر دہشتگرد تنظیم پر پیسہ لگانے کا الزام لگا رہا ہے، دہشتگرد تنظیموں کے اتحادی عمران خان خود ہیں۔ سینیٹر نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے پیپلز پارٹی ہمیشہ دہشتگرد تنظیموں کے سامنے دیوار بن کر کھڑی رہی ہے۔، ہم اس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں جس کی قائد نے سرعام دہشتگردوں کو چیلنج کیا، صدر زرداری نے شہید بی بی کے وعدے کے مطابق سوات میں پاکستان کا پرچم لہرایا۔