سی سی پی او کا لاہور کو ڈرگ فری سٹی بنانے کا عزم
لاہور(نامہ نگار) سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ نے لاہور کو ڈرگ فری سٹی بنانے کا عزم دہراتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور پولیس منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھے ہوئے ہے، نوجوان نسل کو منشیات کا شکار بنانے والے معاشرے کے ان مذموم عناصر کو بہرصورت کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق لاہور پولیس کی انٹیلیجنس بیسڈ کاروائیوں کے دوران رواں ماہ اب تک 940 منشیات فروش گرفتار کرکے متعلقہ تھانوں میں 936 مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔ ملزمان کے قبضہ سے 368کلو گرام سے زائد چرس، 7 کلو 600 گرام ہیروئن،462 گرام آئس اور 10 ہزار 900 لٹر سے زائد شراب برآمد کی گئی۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں ماہ مختلف کارروائیوں کے دوران سٹی ڈویژن پولیس نے 221، ماڈل ٹاؤن نے 208،کینٹ ڈویژن پولیس نے185،صدر ڈویژن نے146،اقبال ٹاؤن97 جبکہ سول لائنز ڈویژن پولیس نے 83 منشیات فروش گرفتار کئے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ تعلیمی اداروں کے گردونواح میں منشیات فروشی کے تدارک کے لیے پولیس پٹرولنگ مذید بڑھا دی جائے نیز نشہ آور انجیکشن فروخت کرنے والے ڈرگ سٹور کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ گرین بیلٹس،انڈر پاسسز، فٹ پاتھوں،نہر کنارے نشئی افراد کو ڈیرے نہ لگانے دیں۔ سربراہ لاہور پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی روزمرہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھنے کے لیے منشیات کا گھناؤنا دھندہ کرنے والے سماج دشمن عناصر کے منشیات کا گھناؤنا دھندہ کرنے والے سماج دشمن عناصر کے بارے میں لاہور پولیس کو آگاہ کریں۔