• news

قومی طلبہ کنونشن :تعلیمی اداروں کو انتہا پسندی و منشیات سے پاک کرنے کے عزم  

لاہور(خصوصی نامہ نگار)مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے قومی طلبہ کنونشن میں ملک بھر سے آئے ہوئے ضلعی صدور نے تعلیمی اداروں کو انتہا پسندی و منشیات سے پاک کرنے کے عزم کااظہار کیا اورایم ایس ایم کے ہزاروں طلباء نے کھڑے ہو کر عہد کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کو مصطفوی تعلیمات کے مطابق باوقار بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے اور طلبہ حقوق کیلئے کام کرنے والی پرامن تنظیموں سے مل کر تعلیمی اداروں کو علم و امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ قومی طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ طلباء ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ طلبہ مستقبل کی قیادت اور امید کی کرن ہیں۔انتہا پسندی اور دہشت گردی قومی سلامتی کیلئے زہر قاتل ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ ایم ایس ایم کے طلبہ نے نازک ترین حالات میں بھی قلم کی حرمت کی پاسداری کی اور فروغ علم کیلئے بیداری شعور مہم چلائی۔ انہوںنے ایم ایس ایم کے صدر چودھری عرفان یوسف کو طلباء حقوق کیلئے شاندار اور جاندار جدوجہد کرنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے شیخ فرحان عزیز کو مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا نیا صدر مقرر کرنے کا اعلان کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن